باکسر عامر خان کا چھ سالہ بیٹے سے متعلق اعتراف، کڑی تنقید کا سامنا

برطانیہ (ـقدرت روزنامہ)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اپنے چھ سالہ بیٹے کو مشہور زمانہ ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6) کھلانے کا اعتراف کرنے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سابق اولمپک میڈلسٹ عامر خان نے سابق باکسر کارل فروچ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا چھوٹا بیٹا کمپیوٹر پر جی ٹی اے کھیلتا ہے اور وہ بھی اس کے ساتھ یہ گیم کھیل چکے ہیں۔
عامر خان کے اس انکشاف پر کارل فروچ حیران رہ گئے اور انہوں نے کہا کہ اس گیم میں گاڑیاں چھیننے، فائرنگ کرنے اور لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے جیسے مناظر شامل ہیں، جو بچوں کے ذہنوں میں تشدد کے حوالے سے حساسیت کم کرکے اسے معمول کا عمل بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کا بیٹا گیم میں دکھائے جانے والے تشدد کو درست یا معمول کی بات سمجھے۔ تاہم، ان کا خیال ہے کہ گیم کے نئے ورژن میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی اور اسے زیادہ تفریحی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب برطانیہ کے سابق حکومتی مشیر اور کیمپین فار ریئل ایجوکیشن کے چیئرمین کرس میک گورن نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی والدین اپنے بچوں کو گیمنگ یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے بالغوں کے لیے مخصوص مواد تک رسائی دیتے ہیں تو یہ انتہائی تشویش ناک بات ہے۔
واضح رہے کہ گرینڈ تھیفٹ آٹو اپنی پرتشدد نوعیت اور بالغوں کے لیے مخصوص مواد کے باعث معروف ہے جبکہ اس کی عمر کی درجہ بندی بچوں کو اس گیم سے دور رکھنے کی ہدایت کرتی ہے۔
