واٹس ایپ کا بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ’ای سم‘ کا زبردست فیچر متعارف

دبئی (قدرت روزنامہ)پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین ایپ سے باہر نکلے بغیر محض چند کلکس میں سفر کے لیے ڈیٹا ای سم خرید اور انسٹال کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مسافر بورڈنگ پاسز، ایئرپورٹ پک اپس اور اہل خانہ کو بحفاظت منزل پر پہنچنے کی اطلاع دینے کے لیے واٹس ایپ پر انحصار کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اب ای سم خریدنے اور انسٹال کرنے کا عمل ’پیغام بھیجنے جتنا آسان‘ ہوگا۔

کمپنی نے مزید واضح کیا کہ اس فیچر کے بعد مسافروں کو مقامی سم کارڈ خریدنے کے لیے قریبی ایئرپورٹ کیوسک تلاش کرنے، وائی فائی کی سہولت والے کیفے ڈھونڈنے یا مہنگے رومنگ چارجز برداشت کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد مسافروں کو بیرون ملک اترنے کے فوری بعد ان کے اپنے معمول کے فون نمبر پر رابطے میں رکھنا ہے۔

ٹیلی کام پارٹنرز اور فیچر کی دستیابی
واٹس ایپ کے مطابق صارفین کو یہ آپشن اس وقت ایپ میں نظر آئے گا جب یہ سہولت ان کے ملک میں دستیاب ہوگی۔

کمپنی اس سلسلے میں مختلف ای سم فراہم کنندگان اور معروف ٹیلی کام پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جن میں جیو، اسمارٹ ایکسیاٹا، اسمارٹ کمیونیکیشنز اور ویریزون شامل ہیں۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ منتخب ممالک میں اس فیچر کو ’جلد‘ متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا، جس سے بین الاقوامی سفر کرنے والے کروڑوں صارفین کو بلا تعطل انٹرنیٹ کی سہولت میسر آ سکے گی۔

WhatsApp
Get Alert