کراچی : گھر میں زوردار دھماکے کے بعد خوفناک آتشزدگی

کراچی (قدرت روزنامہ) محمود آباد میں گھر میں ہونے والے گیس سلنڈر دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کے بعد گھر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 محمود آباد کے ایک گھر میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے گھر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ سیمت دیگر سماجی کارکنان نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا، دوسری جانب پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عمران کے مطابق دھماکے کے بعد گھر کا ایک حصہ منہدم ہونے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، بعد ازاں امدادی کارکنان نے 5 افراد کو ملبے سے زخمی حالت میں باہر نکال لیا۔ تاہم آگ بجھانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا،۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محمودآباد میں گھر میں سلنڈر دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنےکی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے فائربریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو آگ پر جلد از جلد قابو پانے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے میں ممکنہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دھماکے کی نوعیت کا تعین و مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور پولیس حکام سے جلد از جلد واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
