صدر زرداری کی لاہور میں محسن نقوی کے گھر آمد، نئے صوبوں سمیت مختلف سیاسی پہلوؤں پر مشاورت


لاہور (قدرت روزنامہ)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
صدر زرداری لاہور کے دورے پر ہیں جہاں ہفتے کو وہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے تو مہمان صدر کا اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ نے استقبال کیا۔
دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبوں سمیت مختلف سیاسی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق صدر زرداری وفاقی وزیرِ داخلہ سے ملاقات کے بعد اپنا دو روزہ دورۂ لاہور مکمل کر کے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ محسن نقوی کی جانب سے ملکی نظام ’کولیپس‘ ہو جانے اور نئے صوبوں کی اہمیت سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد صدر زرداری کی آج ہونے والی ملاقات کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ میں نئے صوبوں کی مخالفت کرتی رہی ہے البتہ پنجاب میں وہ نئے صوبے بنانے کی حامی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز رحیم یار خان کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا وہ کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ قرار کی حمایت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کر چکی ہے، تاہم اس پر معاملہ قرارداد سے آگے نہ بڑھ سکا۔

WhatsApp
Get Alert