پاک چین دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ گئی، فیلڈ مارشل کی پاکستانی خلا باز سے گفتگو

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ گئی ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین بے مثال دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے خلائی اسٹیشن پر آپ کی موجودگی پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت کامیابی سے خلا میں پہنچا، پوری قوم اور مسلح افواج آپ کی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے۔
خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا کہنا تھا زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کررہا ہوں جو اعزاز اور فخر کی بات ہے، طے شدہ منصوبے کے مطابق ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی توقعات کے مطابق سائنسی تحقیق کام کی انجام دہی میں مصروف ہوں۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات انجام دے رہے ہیں اور دو چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پر تحقیقی و سائنسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ذیشان علی کا یہ خلائی سفر پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ وہ ناصرف زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی بنے ہیں بلکہ انہیں چین کے خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔
مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چینی ٹیم کے ساتھ مل کر مشترکہ سائنسی تجربات کر رہے ہیں جن میں تجرباتی نمونوں اور جدید آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مائیکرو گریویٹی یعنی خرد ثقلی ماحول میں مختلف سائنسی تجربات انجام دینا شامل ہے۔
