‘تحریک کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے’، ایم کیو ایم کا 29 نومبر کی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان

کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے نئے صوبوں کے حق میں 29 نومبر کو کراچی میں شیڈول اپنی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا یا ممکنہ تصادم کے ذریعے اپنی تحریک کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتی۔

کراچی میں پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ فیصلہ ممکنہ ’دہشت گردی کے خطرے‘، انتظامیہ کی جانب سے ریلی کی اجازت نہ ملنے اور نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والے گروہوں سے تصادم کے خدشے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بحث میں جولائی سے اس وقت تیزی آنا شروع ہوئی تھی جب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام ’تباہ ہو چکا ہے‘ اور اس میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر ریلی کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ ریلی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے ایم کیو ایم کی مہم کا حصہ تھی۔ یہ ریلی پارٹی کی جانب سے کئی جلسوں اور آئینی اصلاحات کے مطالبے کے بعد عوام کو بڑے پیمانے پر اکھٹا کرنے کی ایک کوشش قرار دی جا رہی تھی۔

واضح رہے کہ 29 نومبر کو ہی سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) نے صوبوں کے قیام کے خلاف ریلی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے بھی اسی روز ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے بھی ممکنہ تصادم سے بچنے اور کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایم کیو ایم پاستان سے ریلی کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔ حکومت کی اس درخواس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ حتمی فیصلے سے پہلے پارٹی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔

’تاریخ 10 مرتبہ بھی تبدیل کرسکتے ہیں‘
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کیا تھا جب کہ پارٹی کو پارٹی کو ریلی کی اجازت بھی نہیں ملی تھی۔ اس کے علاوہ اسی روز سندھ کی قوم پرست جماعتوں کی ریلی کے اعلان نے بھی تصادم کے امکانات بڑھا دیے تھے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر انہیں ریلی کی اجازت مل بھی جاتی اور تصادم کا خدشہ موجود ہوتا تو وہ پھر بھی ریلی منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے۔ ان کے بقول اگر کسی کی جان یا املاک کو خطرہ ہو تو ان کی جماعت 10 مرتبہ بھی تاریخ تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کے مطابق ان کی جماعت نہیں چاہتی کہ کوئی مخالف گرو کسی ناخوشگوار واقعے کو انتظامی یونٹس کے قیام کی ’انتہائی خالص‘ تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرے۔

وفاقی وزیر نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی زبردستی تقسیم کی صورت میں خونریزی کے خدشے سے متعلق دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ان بیانات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔

ان کے بقول بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیانات میں خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر اور میرپور خاص کے نام لیے تھے۔

WhatsApp
Get Alert