پنجاب:سرکاری گاڑیوں کی تعداد میں50فیصد کمی کرنے کا فیصلہ

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسموگ پر قابوپانے کے لیے موثر اقدامات کا حکم جاری کرتےہوئے کہا ہے کہ اسموگ پر قابو پانے کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اسموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس۔ عثمان بزدارنے سرکاری گاڑیوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی کی ہدایت بھی جاری کیں۔ محکموں کے سیکریٹریز گاڑیوں کی تعداد کم کر کے رپورٹ وزیر اعلیٰ آفس جمع کرائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ متعلقہ محکمے ذمہ داری کے ساتھ فرائض ادا کریں۔ فیکٹریوں کے خلاف موثر انداز میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت جاری کی کہ ٹائرجلانے والی فیکٹریوں کے خلاف قانون کے تحت ایکشن لیا جائے اور الیکٹرک بسوں کی خریداری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
الیکٹرک بسوں کے حوالے سے جلد ازجلد حتمی پلان پیش کیا جائے۔ کوڑا کرکٹ کو جلانے کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ کرشنگ پلانٹس کو اینٹوں کے بھٹوں کی طرح جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔ کرشنگ پلانٹس کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے جامع پلاننگ کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ دھان کی کٹائی کیلئے ہارویسٹرکو ڈیوٹی فری کرنے کی تجویز وفاقی حکومت کو پیش کی جائے گی۔