بے روزگار نوجوانوں کو ریاست باغی بنا رہی ہے، کم رقم میں بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، مولانا ہدایت اور خیر جان بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں مختلف اراکین نے حکومت کی پالیسیوں، بجٹ، کرپشن، تعلیم، روزگار، سی پیک اور نوجوانوں کے مسائل پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔مولانا ہدایت الرحمن نے اجلاس کے دوران کہا کہ بلوچستان کی آبادی سب سے زیادہ ہے مگر ترقیاتی بجٹ سب سے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ترقیاتی بجٹ کم کرنا ضروری نہیں بلکہ کرپشن پر قابو پانا ضروری ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت تمام پروگرام نجی ہوٹلز میں کرتی ہے تو پھر سرکاری عمارتیں کس لیے بنائی گئیں؟ ساتھ ہی انہوں نے کرپشن کے خلاف مؤثر اقدامات اور ایک جامع بل لانے کی تجویز دی۔مولانا ہدایت الرحمن نے سرکاری گاڑیوں کے اخراجات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں مغل بادشاہوں کی طرح زندگی گزارنے کا حق نہیں ہے۔انہوں نے بے روزگاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 30 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں، حکومت صرف 6 ہزار نوجوانوں کو روزگار دے رہی ہے جبکہ 25 لاکھ نوجوانوں کو بارڈر بند کر کے بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر راء والے بلوچستان کے نوجوانوں کو پیسے دے سکتے ہیں تو اسلام آباد والے کیوں نہیں؟ ریاست خود نوجوانوں کو باغی بنا رہی ہے۔مولانا ہدایت الرحمن نے سی پیک سے متعلق سوال اٹھایا کہ گوادر ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، لیکن سی پیک کا دوسرا مرحلہ بلوچستان میں کہاں ہے؟ سی پیک کے نام پر ترقی کیوں نہیں ہو رہی؟ادھر، رکن اسمبلی صمد گورگیج نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے تاہم ایجوکیشن پر جو رقم مختص کی گئی ہے، وہ صحیح طور پر خرچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے اسکول بند ہیں اور اساتذہ غیر حاضر رہتے ہیں، ان مسائل کو حل کیا جائے۔اسمبلی اسپیکر نے ہدایت جاری کی کہ ڈی جی ایف آئی اے کو آج اسمبلی میں طلب کیا جائے۔خیر جان بلوچ نے کہا کہ بجٹ عوام کے مسائل کے حل کی ایک دستاویز ہوتی ہے، مگر کم رقم میں بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات کی بہتری کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ نوجوان ترقی چاہتے ہیں، اور ان کے لیے سکِلڈ ایجوکیشن فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے مزید پوچھا کہ کیا بجٹ میں کسی انڈسٹریل زون کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے؟ اگر بلوچستان کو جدید دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہے تو جدید تقاضوں کو اپنانا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert