ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں میں ہمیں بہترین کامیابی ملی، ایران کو ہر صورت امن قائم کرنا ہو گا: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ایران کو اب ہر صورت میں امن کا آپشن چننا ہو گا۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو مستقبل میں مزید حملے کیے جائیں گے جو اس سے بہت زیادہ بڑے لیکن بہت آسان ہوں گے۔‘‘
’’بی بی سی ‘‘کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مختصر خطاب کے دوران تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ایران میں فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’سب نے ان (تنصیبات) کے نام سالوں سے سن رکھے تھے جب وہ (ایران) یہ بدترین تنصیبات بنا رہا تھا۔ آج رات میں دنیا کو یہ بتا سکتا ہوں کہ ان حملوں میں ہمیں بہترین کامیابی ملی۔‘‘ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ’’اب یا تو امن قائم ہو گا یا ایران کے لیے ایک ایسا سانحہ ہو گا جو گزشتہ 8 دنوں سے بہت بڑا ہو گا۔ یاد رکھیں کہ ابھی بہت سارے اہداف ایسے ہیں جنھیں نشانہ نہیں بنایا گیا۔ آج رات ہم نے سب سے مشکل ہدف کو نشانہ بنایا۔ لیکن اگر امن قائم نہیں ہوتا تو ہم دیگر اہداف کو درستگی، رفتار اور کامیابی سے نشانہ بنائیں گے۔‘‘
ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں جو 4 منٹ تک جاری رہا میں یہ بھی کہا کہ’’ ایران کے سابق فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی جانب سے ہزاروں افراد کو ہلاک کیا گیا۔میں نے بہت عرصہ پہلے یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ میں ایسا نہیں ہونے دوں گا، ایسا مزید نہیں چل سکتا۔‘‘ انھوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ایک ’’ٹیم‘‘ کی طرح کام کیا اور ’’اسرائیل کے لیے بدترین خطرے‘‘ کو مٹا دیا۔