لارا دتا کے مداح کا دلچسپ تبصرہ، اداکارہ کی تصدیق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ لارا دتا کے ایک مداح نے اپنے دلچسپ تبصرے سے انہیں ردعمل دینے پر مجبور کردیا۔فینز اپنے پسندیدہ اداکاروں کی ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں، ان کے بہت سی چیز کو سراہتے اور اپناتے ہیں۔لارا دتا کا بھی ایسے ایک مداح سے واسطہ پڑگیا، جس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تبصرے میں ان کی توجہ ایسی چیز کی طرف دلوائی کہ وہ ردعمل دینے پر مجبور ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لارا دتا کے ایک مداح نے نوٹس کیا کہ اُن کی پسندیدہ اداکارہ نے کئی سالوں بعد بھی فون کا کور تک تبدیل نہیں کیا ہے۔اس نے اداکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’میں تو سمجھتا تھا کہ ہم ہی غریب ہیں، اب لارا دتا کو ہی دیکھ لیں، جنہوں نے اپنے موبائل کا کور 2 سالوں سے تبدیل نہیں کیا ہے‘۔
بھارتی اداکارہ نے اس مداح کا تبصرہ پڑھا اور اس پر ردعمل کا اظہار بھی کیا۔ہوا کچھ یوں کہ لارا دتا آج کل اپنی نئی سیریز کی پروموشن میں مصروف ہیں، وہاں ایک صحافی نے اُن کی تصویر لی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔مداح نے وہ تصویر دیکھی تو اُن کی نظر لارا دتا کے موبائل فون کے کور پر ٹھہر گئی، جو وہ پہلے بھی کئی تصاویر میں دیکھ چکے تھے، نے مذکورہ بالا تبصرہ کیا۔لارا دتا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہی جواب دیتے ہوئے اُس کی بات کی تصدیق کی اور لکھا ’صحیح!! دراصل کچھ چیزوں کی جذباتی قدر بھی تو ہوتی ہے‘۔