بادل برستے ہی رحمت زحمت بن گئی ۔۔ شدید بارشیں اور سیلابی صورتحال، متعدد ہلاکتیں ہو گئیں،کون کون سے شہرڈوبے ہوئے ہیں،جانیے تفصیل

نئی دلی (قدرت روزنامہ) بھارت کی کئی ریاستوں میں جاری بارشوں کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجے میں 31 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ریاست کا ریل کا نظام اور سڑکیں بند ہوچکی ہیں جس کے باعث اس کا ملک کے دوسرے حصوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

ریاست کیرالہ میں بھی شدید بارشیں جاری ہیں جس کے باعث پامبا اور سباری مالا جانے والے یاتریوں کو روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پامبا دریا میں پانی کا لیول تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کے باعث ککی اناتھوڑے ریزوائر اور پامبا ڈیم کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ریاست کرناٹکا اور تامل ناڈو میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔