اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں اکیلے رہنے کا خوفناک تجربہ شیئر کردیا


کراچی، لاہور (قدرت روزنامہ)حال ہی میں ایک اداکارہ کی کئی ماہ پرانی لاش کراچی میں ایک فلیٹ سے ملی تھی جس کے بعد اکیلے رہنے کے نقصانات اور فواہد یا مجبوریاں بھی زیر بحث ہیں، اب پاکستانی اداکارہ عمارہ چوہدری نے اکیلے رہنے کے حوالے سے ذاتی اور خوفناک تجربہ مداحوں سے شیئر کردیا۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمارہ چوہدری نے بتایاکہ کراچی میں بڑی تعداد میں لڑکے لڑکیاں تنہا رہتے ہیں ، کئی لوگ کام کی غرض سے تو کئی پڑھائی کے سلسلے میں مقیم ہیں لیکن تنہا رہنا آسان نہیں کیوں کہ کئی مواقع ایسے ہوتے ہیں جب انسان کو اپنوں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔
جیونیوز کے مطابق اداکارہ نے مزید کہا کہ میری فیملی لاہور میں رہتی ہے لیکن میں کام کی وجہ سے کراچی میں مقیم ہوں، شوٹ سے واپسی پر تنہائی کا احساس غالب رہتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب آپ بیمار پڑجائیں تو تنہائی اور اپنوں سے دوری اور زیادہ محسوس ہونے لگتی ہے،2 سال قبل میں کورونا کا شکار ہوئی تھی، اس وقت شوٹس کے سلسلے میں کراچی میں ہی موجود تھی لیکن کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد مجھے اہل خانہ کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔
اداکارہ کے بقول کورونا کا شکار ہونے کے اگلے روز ہی میں پورا دن کیلئے بے ہوش ہوگئی لیکن کسی کو پتہ نہ چلا، مجھ سے رابطہ نہ ہونے پر گھروالوں نے مالک مکان سے رابطہ کرکے میرے حوالے سے بتایا، اس کے بعد مالک مکان نے کسی کو میرے فلیٹ بھیج کر میری خیریت دریافت کرنا چاہی، اسی دوران دروازہ کھٹکھٹانے پر میں ہوش میں آئی، پورا دن بے ہوش رہنے کے بعد جب میری آنکھ کھلی تو میرے موبائل پر گھر سے ڈھیروں کالز آئی ہوئی تھیں حتیٰ کہ میرے اہل خانہ کراچی آنے کیلئے ٹکٹس بک کرواچکے تھے،اس سے قبل مکان مالک بھی یہی سمجھتا رہا کہ میں لاہور چلی گئی ہوں ۔

WhatsApp
Get Alert