سفری پابندی ختم ، سعودی عرب جانے کے خواہشمند افراد کے لیے پی آئی اے نے بڑا اعلان کر دیا

کراچی (قدرت روزنامہ) سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے نے سعودی عرب جانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑا اعلان کر دیا . تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندی ختم کرنے کے بعد قومی ایئرلائن پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا .

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پروازوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے . پی آئی اے یکم دسمبر سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 35 پروازیں چلائے گی . پی آئی اے انتظامیہ نے بتایا کہ یہ پروازیں جدہ، مدینہ، ریاض ،دمام اور الکسیم کے لیے روانہ ہوں گی . انتظامیہ کے مطابق پاکستان سےجانے والے مسافروں کو سعودی عرب میں 5 دن لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا . یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان، برازیل، ویتنام سمیت دیگر ممالک پر عائد فضائی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا . یہ سفری پابندی ختم ہونے کے بعد یکم دسمبر سے پاکستان، انڈونیشیا، برازیل، ویتنام، مصر اور بھارت سے مسافر براہ راست سعودی عرب جا سکیں گے . سعودی عرب جانے والے افراد کو پانچ روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے جبکہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر رپورٹ دکھانی ہوگی . جبکہ گذشتہ روز سعودی عرب نے 7 ممالک سے پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی، افریقا میں کورونا کی نئی قسم پھیلنے کے بعد 7 جنوبی افریقی ممالک پر فوری سفری پابندیاں عائد کر دی گئیں . غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا . صورتحال پر غور کے لیے عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے . اس صورتحال میں دنیا کے کئی ممالک نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں . سعودی عرب نے بھی اس صورتحال میں فوری اہم فیصلہ لیتے ہوئے 7 جنوبی افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں . . .

متعلقہ خبریں