جیکولین فرنینڈس پر ’مبینہ بھتہ خور‘ سے خطیر مالیت کے تحائف وصول کرنے کا الزام

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی مبینہ بھتہ خور کے ساتھ تصاویر لیک ہونے کے بعد نئے الزامات سامنے آگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ جیکولین فرنینڈز نے سکیش چندر شیکھر نامی بھتہ خور سے 10کروڑ روپے مالیت کے تحائف وصول کیے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جیکولین فرنینڈس نےمبینہ بھتہ خور سے 10کروڑ روپے مالیت کے جو تحائف وصول کیے ان میں 9 لاکھ روپے مالیت کی ایک بلّی اور 52 لاکھ روپے مالیت کا گھر بھی شامل ہے۔
جیکولین فرنینڈس کی مبینہ بھتہ خور کے ساتھ تصاویر اس وقت سامنے آئیں جب انہوں نے مبینہ طور پر بھتہ خور کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تصاویر رواں سال اپریل یا مئی میں لی گئی تھیں جب چندر شیکھر عبوری ضمانت پر جیل سے باہر تھا اور دونوں چنئی میں چار بار ملے تھے۔جیکولین فرنینڈس کے بھتہ خور کے ساتھ تعلق کی خبریں اکتوبر میں سامنے آئیں تھیں تاہم اداکارہ نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں جیکولین فرنینڈس کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹر (ای ڈی) کی جانب سے بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا۔اس سے قبل گزشتہ ماہ 30 اگست کو اسی کیس میں اداکارہ کو طلب کیا گیا تھا جہاں اُن سے تقریباََ 5 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ، یہ مقدمہ دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کی جانب سے سکیش چندرا شیکھر اور دیگر کے خلاف درج ہے جس پر 200 کروڑ کی بھتہ خوری کا الزام ہے جبکہ چارج شیٹ میں جیکولین کے علاوہ اداکارہ نورا فتحی کا بھی ذکر ہے۔