کراچی میں موسم کے رنگ؛ صبح میں خنکی، دوپہر میں گرمی کی شدت
مضافاتی علاقوں سمیت شہر کے دیگر حصوں میں وقفے وقفے سے گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے

کراچی(قدرت روزنامہ)شہرقائد میں سردیوں کی آمد سے قبل شہری بیک وقت دو مختلف موسموں کا امتزاج دیکھ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور رات کے وقت شہر میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے جب کہ دن کے اوقات میں گرم اور خشک ہوائیں چلنے سے موسم یکسر مختلف دکھائی دیتا ہے۔
گزشتہ دنوں کے مقابلے میں آج صبح کے وقت درجہ حرارت میں ایک سے 2 ڈگری کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران سمندری ہوائیں معطل رہنے اور گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے باعث شہر کا پارہ 36 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقوں سمیت شہر کے دیگر حصوں میں وقفے وقفے سے گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صبح اور شام کے وقت خنکی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
