نادرا سے’’وراثتی سرٹیفکیٹ‘‘ کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟ طریقہ کار سامنے آگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے شہریوں کے لیے جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔ نادرا کے مطابق اب پنجاب کے وہ افراد جنہوں نے جانشینی سرٹیفکیٹ (وراثتی سرٹیفکیٹ) کے لیے درخواست دی ہے، وہ یہ سروس اپنے قریبی ای-خدمت مرکز سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا، جو ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ، ب فارم، جانشینی سرٹیفکیٹ، ایف سی آر اور دیگر اہم شناختی دستاویزات جاری کرنے کا واحد مجاز ادارہ ہے، نے شہریوں کے لیے یہ سہولت فراہم کرتے ہوئے وراثتی دستاویزات کے حصول کا عمل مزید مؤثر اور شفاف بنا دیا ہے۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شہری اب نادرا کے تصدیق شدہ محفوظ اور ڈیجیٹل نظام کے تحت ای-خدمت مراکز سے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
متعلقہ فرد کو ای-خدمت مرکز آنے سے قبل درج ذیل دستاویزات ہمراہ لانا ضروری ہیں:
فوت شدہ شخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ
فوت شدہ شخص کے قومی شناختی کارڈ کی منسوخی کا سرٹیفکیٹ
مکمل حلف نامہ
فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC)
متوفی کے اثاثوں کی تفصیلات
تمام قانونی ورثا کا دستخط شدہ اجازت نامہ
نادرا کے مطابق درخواست گزار اپنے قریبی ای-خدمت مرکز میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ان دستاویزات کے ساتھ رابطہ کریں، جہاں جانشینی سرٹیفکیٹ کی درخواست کا عمل مکمل کیا جا سکے گا۔
شہری مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ای-خدمت ویب سائٹ ekhidmat.punjab.gov.pkپر جا سکتے ہیں۔ نادرا کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد عوام کو باآسانی، محفوظ اور تیز تر طریقے سے وراثتی سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو کسی غیر ضروری تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

WhatsApp
Get Alert