ڈیڑھ سال میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب ملک ٹیک آف کر چکا ہے، نواز شریف


لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اور اب ملک ٹیک آف کر چکا ہے، بانی پی ٹی آئی اکیلا نہیں، لانے والے بھی مجرم ہیں۔
مسلم لیگی صدر نواز شریف نے لاہور میں نو منتخب ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بد تمیزی، بد تہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی، حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی اکیلا مجرم نہیں تھا اسے لانے والے اس سے بڑے مجرم تھے، ان کو لانے والوں سے پورا حساب لینا چاہیے، ان کا بیانیہ چور ڈاکو تھا جب کہ چوری ڈاکے میں خود سب سے آگے تھے، کرکٹ کھیلنے آئے تھے پتا نہیں کیا کر کے چلے گئے اور دیوالیہ نکال دیا۔
نواز شریف نے کہا ’’میں نے اپنے دور میں بڑے کام کیے لیکن شہباز اور مریم مجھ سے بھی آگے نکل گئے، لوگوں کو مفت دوائیاں مل رہی ہیں، نئے اسپتال بنائے جا رہے ہیں، طلبہ کو لیپ ٹاپ، اسکالرشپ مل رہی ہیں، پنجاب بھر میں گرین بسیں چل رہی ہیں، امن و امان کافی حد تک بہتر ہو گیا، لوگوں کو راشن کارڈ مل رہے ہیں، سیلاب میں حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی۔‘‘
انھوں نے کہا ہمارے دور میں مہنگائی 3 فی صد تھی، گزشتہ دور حکومت میں ملک میں صرف تباہی آئی، بد تہذیبی کا کلچر عام کیا گیا، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا، وفاقی اور پنجاب حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، ڈیڑھ سال میں ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کر دیا، شہباز شریف اور مریم نواز کو شان دار کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں۔
نواز شریف نے کہا آج ہم کئی فیصلے خود نہیں کر سکتے، ہمارے بہت سارے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں ہے، انھوں نے غیروں کے ہاتھ میں فیصلے دیے ہیں، ڈیڑھ سال میں معیشت میں ریکارڈ قائم کیا ہے، اور اللہ کے فضل سے پاکستان اڑان بھر چکا ہے، انھوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ اور دیوالیہ پن سے بچایا ہے۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ 2017 میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا، عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert