پی ایم اے پاسنگ آؤٹ پریڈ؛ نئے کیڈٹس نے آئین کی پاسداری اور غیر سیاسی رہنے کا حلف اٹھا لیا

پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا، آئین کی حمایت کروں گا، اپنے آپ کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں کروں گا؛ پاکستان آرمی کے جوانوں کے حلف کا متن


ایبٹ آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جہاں تربیت مکمل کرنے والے نئے کیڈٹس نے ملکی آئین کی پاسداری، غیر سیاسی رہنے اور ملک و قوم کی بے لوث خدمت کرنے کا حلف اٹھایا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 28ویں مربوط کیڈٹ کورس کے جوانوں نے شرکت کی، تقریب کے دوران کیڈٹس نے اللہ تعالی کو حاضر و ناظر جان کر خلوصِ نیت کے ساتھ پاکستان کے آئین کی حمایت اور مملکت سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔

اس موقع پر کیڈٹس نے حلف لیا کہ وہ آئینِ پاکستان، جو کہ عوام کی خواہشات کا حقیقی مظہر ہے، اس آئین کی پاسداری کریں گے اور خود کو ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں سے مکمل دور رکھیں گے، حلف برداری کے دوران پاس آؤٹ ہونے والے افسران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پاک فوج میں رہتے ہوئے ایمانداری، وفاداری اور شجاعت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک کیڈٹس نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ زمینی، بحری یا فضائی جس بھی راستے سے دفاعِ وطن کا حکم ملے گا وہ لبیک کہیں گے اور اپنے اعلیٰ افسران کے قانونی احکامات کی تعمیل میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر فرائض ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور شاندار کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔

WhatsApp
Get Alert