کراچی : تھوڑی سی بارش کے بعد شاہراہیں جوہڑ بن گئیں، عوام ذہنی اذیت کا شکار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی میں بارش کے بعد سڑکوں کا بُرا حال ہوگیا، کورنگی صنعتی ایریا میں نالہ اور گٹر ابل پڑے، اہم شاہراہ جوہڑ کا منظر پیش کررہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بارش کے بعد کراچی کی مختلف شاہراہوں کا حلیہ بگڑ گیا، کورنگی کے علاقے ناصر جمپ سے چمڑا چورنگی تک مین شاہراہ جوہڑ میں تبدیل ہوگئی، آنے اور جانے والی شاہراہ پر برسات اور سیوریج کا پانی گزشتہ روز ہونے والی بارش سے موجود ہے۔
جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر اور آنے جانے والے شہریوں کو پریشانی لاحق ہے، پچھلی برسات کے بعد سے سیوریج کا نظام بھی تباہ حالی کا شکار ہے۔
گٹر ابلنے سے سیوریج کا پانی بھی سڑکوں پر آگیا، صنعتی علاقوں میں روزگار کیلیے جانے والے شہریوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ لوگ انتہائی گندے اور غلیظ پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں۔
بارش اور گڑھوں کے باعث اس روٹ پر چلنے والی پیپلز بس سروس آرتھری بھی کئی دنوں سے بند ہے، انتظامیہ کو اب تک ہوش نہیں آیا، صفائی کی مشینری اور انتظامیہ بدستور غائب ہیں۔

WhatsApp
Get Alert