ریما نے لندن میں شاہ رخ کے ساتھ پرفارمنس میں کیا دو شرائط رکھیں؟ اداکارہ نے قصہ سنادیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ ریما خان نے لندن میں شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارمنس میں 2 شرائط کے ساتھ کام کرنے کا قصہ سنا دیا۔
پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی معروف اور سینئر اداکارہ ریما خان نے جیو پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری اور اپنےکیرئیر سمیت بھارت میں کیے گئے اپنے کام کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
ریما خان نے لندن میں ہمایوں سعید، بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ پریٹی زنٹا کے ساتھ اسٹیج پرفارمنس کا قصہ سنایا۔
ریما نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے کام کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں اپنے کام میں مصروف تھی، انہوں نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھ کر بلایا اور کہا آداب مجھے شاہ رخ کہتے ہیں، مجھے بہت شرمندگی ہوئی کہ میں نے سلام کرنے میں پہل نہیں کی کیونکہ میں انہیں ڈسٹرب نہیں کرنا چاہتی تھی اس لیے میں پہل نہیں کی‘۔
ریما نے بتایا کہ ’اتنی ہی دیر میں پریتی زنٹا بھی آگئیں اور مجھے گلے سے لگایا، کہا کہ آپ یہاں ریہرسل کیوں کررہی ہیں ہمارے ساتھ کریں اور دونوں مجھے ہاتھ پکڑ کر لے گئے، ہم نے ساتھ ریہرسل کیں اور پاکستان بھارت کی باتیں کیں‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’آرٹسٹ ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں، مجھے بتایا گیا کہ پریتی زنٹا کا ڈیزائنر مہیش ملہوترا کا لہنگا ہے آپ کا بھی ویسا ہی بنوایا ہے جس میں تھوڑی کمر نظر آئے گی تو آپ نے بھی یہ ہی پہننا ہے جس پرمیں نے انہیں منع کردیا اور کہا کہ میرا ایک کلچر ہے، جب ہم اپنے ملک کو دنیا کے سامنے دکھا رہے ہیں تو پھر میں پکی حب الوطنی ہوں، میں نے انہیں کہا کہ میں شلوار قمیض اور دوپٹہ پہنوں گی جس پر مجھے کہا گیا کہ آپ گلیمرس(glamorous) نہیں لگیں گی۔
اداکارہ کے مطابق ’میں نے انہیں دوسری شرط رکھتے ہوئے بتایا کہ اگر آپ بھارت کا جتنا بڑا پرچم دکھا رہے ہیں تو میرے ملک کا بھی اتنا بھی بڑا دکھانا پڑے گا ورنہ آپ جسے چاہیں رکھ سکتے ہیں‘۔
