ایران سے مذاکرات پر اجلاس، ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کی۔امریکی میڈیا

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کے معاملے پر اتوار کی صبح وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ اور بات چیت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی گفتگو میں آبنائے ہرمز کے تازہ بحران اور ایران مذاکرات کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران امریکا جنگ بندی کے اختتام میں صرف 2 دن باقی بچے ہیں۔
تشویشناک طور پر چند روزہ جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کرسکے جبکہ صدر ٹرمپ کی صدارت میں اجلاس کے دوران نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکوروبیو اور فوجی حکام نے بھی شرکت یقینی بنائی۔
امریکی میڈیا کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے میں شرکت کریں۔ واضح رہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی امریکا سے مزید جنگ بندی کے امکانات محدود ہوتے جارہے ہیں۔
