ہم نے مردان جلسے میں دکھانا ہے عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ، عمران خان کے لیے لوگ نکلیں گے،اسد قیصر

پشاور (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے آج ایک جھوٹی خبر چلائی گئی ہے کہ مجھ پر کوئی خودکش حملہ ہوا ہے۔ یہ اس لیے کیا گیا ہے کہ مردان کے جلسے کے لیے خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے اور جلسے کو ناکام بنایا جائے۔ میں ان تمام لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں، جن میں ہمارے اپنے بھی کچھ شامل ہیں، کہ آپ کیوں دوسروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ہم نے مردان کے جلسے میں لوگوں کو دکھانا ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان کے لیے لوگ نکلیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا لوگوں کا ممبرشپ کیمپ میں جوش و خروش دیکھ کر مجھے انتہائی خوشی ہوئی۔ ایک گھنٹے کے اندر 300 سے زیادہ لوگوں نے ممبرشپ حاصل کی۔ عمران خان کو ناجائز طور پر جیل میں رکھا گیا ہے، اُن پر ناجائز مقدمات بنائے گئے ہیں۔ عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق جو حقوق ہیں وہ نہیں دیے جا رہے ہیں۔ عمران خان کی آنکھ کا سنجیدہ مسئلہ ہے، اس کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی اور اس کو ہسپتال کی بجائے واپس جیل بھیج دیا گیا۔ کیا اس ملک کو اس طرح چلانا ہے یا یہ ملک کسی ضابطے کے تحت چلے گا۔ مردان کے جلسے کو ناکام بنانے کے لیے میری صحت کے حوالے سے جھوٹی خبر چلائی گئی۔ ہماری جہدوجہد جمہوری اور پُرامن ہے۔ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ پھر ہمارے ہاتھ میں بھی کچھ نہ ہو۔ مردان کے جلسے میں دنیا کو دکھائیں گے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ہمیں بتائیں عوام کو کتنا ریلیف دیا گیا، پاکستان میں کتنی سرمایہ کاری ہوئی۔ حالیہ خطے کی کشیدگی کے دوران ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جو کردار ادا کر رہا ہے۔ خطے کی کشیدگی کے باعث ہم نے پنڈی جلسہ منسوخ کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اپنے بارڈر پر بھی کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے پاکستان کی خاطر پنڈی جلسہ منسوخ کیا۔ مردان کے جلسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ حکومت مخصوص اشرافیہ کو فائدہ پہنچا رہی ہے، کسان سمیت ملک کا ہر طبقہ مہنگائی میں پس رہا ہے۔ ناجائز حکومت کے خلاف بھرپور طریقے سے آواز اٹھائیں گے۔ ناجائز طریقے سے 26ویں اور 27ویں ترامیم پاس کی گئیں، حکومت اب 28ویں ترمیم کی کوشش کر رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert