اچانک لاک ڈاؤن جیسی صورتحال! اسلام آباد میں بڑی سڑکیں بند؛ وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ٹریفک پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں جبکہ جنگ بندی میں توسیع اور امریکا ایران مذاکرات کی عدم موجودہ شیڈول اطلاعات کے بعد حفاظتی اقدامات کو غیر معینہ مدت تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو مکمل طور پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کورال سے زیرو پوائنٹ تک جانے والا ایکسپریس وے بھی مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ سری نگر ہائی وے پر وقفے وقفے سے ٹریفک کی عارضی بندش بھی کی جا سکتی ہے۔
شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے جس کے تحت کسی بھی ہائی وے یا راستے سے بھاری گاڑیوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس حکام نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دنوں ہیوی ٹریفک کے مالکان اسلام آباد کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔ یہ اقدامات احتیاطی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد جاری جنگ بندی کی صورتحال میں سیکیورٹی کو برقرار رکھنا ہے۔
شہریوں کے لیے متبادل راستے
ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے حکام نے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا ہے
جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 سیکٹرز کے رہائشی مارگلہ روڈ سے 9th ایونیو استعمال کرتے ہوئے راولپنڈی جا سکتے ہیں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا اگر کورال چوک بند ہو تو شہری سری نگر ہائی وے، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کے ذریعے کورال تک پہنچ سکتے ہیں۔ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترنمی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
شہری انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں اور شہر بھر میں تعینات ٹریفک پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
