لاہور اور اسلام آباد کا فضائی رابطہ 5سال بعد بحال، فلائی جناح کی پروازوں کا آغاز، شیڈول جاری

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فضائی رابطہ 5سال بعد بحال ہوگیا ہے، فلائی جناح نے روزانہ 2 پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پروازوں کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے، یکم مئی سے شروع ہونے والی یہ سروس جدید ایئربس A320 طیاروں کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جس میں پرواز کا کل دورانیہ صرف 45 منٹ ہوگا۔
فلائی جناح کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے پہلی پرواز (9P734) صبح 7:10 بجے روانہ ہو کر 7:55 بجے لاہور پہنچے گی، جبکہ دوسری پرواز (9P750) شام 5:00 بجے روانہ ہو کر 5:45 بجے لاہور اترے گی۔
واپسی کے سفر کے لیے لاہور سے پہلی پرواز (9P735) صبح 8:35 بجے روانہ ہوگی اور 9:20 بجے اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ دوسری پرواز (9P751) شام 6:25 بجے لاہور سے اڑان بھرے گی اور 7:10 بجے وفاقی دارالحکومت لینڈ کرے گی، پرواز کا کرایہ فی سواری 9ہزار 999 روپے ہوگا۔
دونوں شہروں کے درمیان روزانہ 2 پروازوں کی یہ سہولت مسافروں کو اپنی کاروباری اور نجی مصروفیات کے مطابق سفر کے انتخاب میں لچک فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں تقریباً 5 سال کے طویل وقفے کے بعد نجی ایئر لائن ‘فلائی جناح’ نے یکم مئی 2026 سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ 2 پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس سنگ میل کو ملکی ہوا بازی کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے جس سے جڑواں شہروں اور لاہور کے درمیان فضائی سفر کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ ان پروازوں کا آغاز عام مسافروں، بالخصوص وکلا، تاجروں، مریضوں اور بزرگ شہریوں کے لیے بہت بڑی راحت کا باعث بنے گا، یہ اقدام پیشہ ور افراد کے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت اور سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کر کے حکومت کی کفایت شعاری مہم میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کے تمام شہروں کے درمیان اور بین الاقوامی سطح پر فضائی رابطوں کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے سمیت تمام ملکی ایئر لائنز اپنے جہازوں کے بیڑے میں اضافہ کر رہی ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ اور موثر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ فلائی جناح پہلے ہی لاہور سے مسقط، ریاض، جدہ، دمام، شارجہ اور بحرین جیسے بین الاقوامی روٹس پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہے، اور اب مقامی روٹس پر اس توسیع سے ملک کے اندر فضائی نیٹ ورک مزید مضبوط ہوگا۔
