موجودہ علاقائی صورتحال میں بروقت اقدامات سےتوانائی بحران پیدا نہیں ہوا: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ موجودہ علاقائی صورتحال میں بروقت اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت انرجی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، احد چیمہ،محمداورنگزیب،اویس لغاری، عطا تارڑ، علی پرویز، احسن اقبال اور مشیر نجکاری محمد علی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ وزیرمملکت بلال اظہرکیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ انرجی سکیورٹی ملکی مستقبل کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے، موجودہ علاقائی صورتحال میں بروقت اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ضروریات کے پیش نظرخام تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر رکھنے کےحوالے سے منصوبے پر کام جاری ہے، توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائع آمدورفت کو ماحول دوست برقی ذرائع پرمنتقل کیا جائے، مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے بجلی سےچلنے والی بسیں، موٹرسائیکلیں خریدی جائیں، ای وی کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مزید تیزی سے اقدامات لیے جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سولر سے پیدا اضافی بجلی کی اسٹوریج کے لیے بیٹریوں کاحصول آسان بنانےکے لیےلائحہ عمل تشکیل دیا جائے، مقامی طور پر اعلیٰ معیار کی اسٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اس دوران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہےکہ نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل صورتحال کا روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ لے رہی ہے، ملک میں اس وقت پیٹرولیم کے وافر ذخائرہیں اور غذائی سکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ تیل،گیس کمپنیوں کی کوششوں سے گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، شمسی توانائی پیدا کرنےوالے گھریلوصارفین کو بیٹری اسٹوریج لگانےکی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert