پاکستانی نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کمپنی میں نوکری اور ماہانہ 50000 روپے کمانے کا موقع ! بڑی خبر آگئی

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کی رجسٹریشن شروع ہو گئی، جس مین 50,000 روپے ماہانہ وظیفہ اور بہترین آئی ٹی کمپنیوں میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے وزیراعلیٰ پنجاب آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے بیچ کے لیے امیدواروں کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد آئی ٹی گریجویٹس کو ملک کی صفِ اول کی کمپنیوں کے ساتھ جوڑ کر انہیں ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بنانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے امیدواروں کو 5 ماہ تک معروف آئی ٹی فرمز میں عملی کام کرنے کا موقع ملے گا، جہاں وہ جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنا پروفیشنل پورٹ فولیو بھی بنا سکیں گے۔
حکومت کی جانب سے انٹرن شپ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
اہلیت کا معیار
امیدوار نے گزشتہ 4 سال کے دوران آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس یا متعلقہ شعبے میں ڈگری مکمل کی ہو۔
درخواست دہندہ کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل اور کارآمد شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔
ماہانہ وظیفے کی ادائیگی کارکردگی اور ایچ ای سی (HEC) سے تصدیق شدہ ڈگری کی بنیاد پر کی جائے گی۔
چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ پنجاب کی ڈیجیٹل معیشت کو بھی فروغ ملے گا
