نوجوان فنکارہ کی موت سے بھارت بھر میں سوگ، دیویانکا سروہی کون تھیں؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کی جواں سال فنکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر دیویانکا سروہی صرف 30سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا جس کے نتیجے میں بھارت بھر میں ان کے مداح یومِ سوگ منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والی دیویانکا سروہی کی طعیت رات کے وقت اچانک بگڑ جانے کے باعث انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا، تاہم ابتدائی طور پر ان کے انتقال کی وجہ سامنے نہ آسکی۔
بدھ کے روز دیویانکا سروہی کی آخری رسومات بھارتی شہر غازی آباد کے راج نگر ایکسٹینشن میں ادا کی گئیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیویانکا سروہی کی طبیعت کی خرابی کے چند ہی گھنٹوں بعد ان کا انتقال ہوگیا، جس کے باعث ان کے اہل خانہ تاحال صدمے کی کیفیت میں ہیں۔
دیویانکا سروہی کون؟
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کیلئے دیویانکا سروہی کا نام جانا پہچانا ہے جس نے اتر پردیش کے بلند شہر میں آنکھ کھولی اور غازی اباد کے راج نگر ایکسٹنشن میں رہائش اختیار کی۔ ہریانوی میوزک انڈسٹری میں پہچان قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اسٹار کی حیثیت سے بھی ان کا نام نمایاں رہا۔
انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز رکھنے والی دیویانکا سروہی نے ٹک ٹاک سے بھی کافی شہرت حاصل کی اور اپنی پروفائل میں فیشن، کام اور روزمرہ زندگی سے متعلق پوسٹس کرکے عوامی توجہ حاصل کرتے ہوئے اپنے تمام کیرئیر میں 50 سے زائد گیتوں میں بھی کام کیا۔
بھارتی میڈیا کا ماننا ہے کہ دیویانکا سروہی کی جوڑی گلوکار معصوم شرما کے ساتھ کافی مشہور ہوئی اور وہ ہریانہ میں جے سی ڈی کالج کے ایک شو کے دوران ان کے ساتھ پرفارم کرکے مزید مشہور ہوئیں۔ ان کے مشہور گیتوں میں سونندا شرما کا میری ممی نوں پسند نہیں تو اور بی پراک کا برسا نہ ملا بھی شامل ہیں، جنہیں ملکی اور عالمی شہرت حاصل ہوئی۔
