آن لائن ادویات کی غیر قانونی فروخت پر گھیرا تنگ، کئی ویب سائٹس خطرے میں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی اشتہارات اور ادویات کی غیر مجاز فروخت میں ملوث ویب سائٹس کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے بدھ کے روز متعدد ویب سائٹس کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق دو سے تین ایسی ویب سائٹس کو نوٹس بھیجے گئے ہیں جو ادویات کی فروخت کے لیے مجاز نہیں تھیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ نوٹسز جاری ہونے کے بعد کچھ ویب سائٹس نے اپنے مواد کو ہٹا دیا ہے، جبکہ جو ویب سائٹس ایسا نہیں کریں گی انہیں بلاک کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 90 فیصد کمپنیاں پی ٹی اے کی درخواست پر مواد ہٹا دیتی ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے پی ٹی اے سے درخواست کی تھی کہ ایسی ویب سائٹس کو بلاک کیا جائے جو غیر مجاز طور پر ادویات کی تشہیر اور فروخت میں ملوث ہیں۔

ڈریپ کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

اتھارٹی نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ جنسی صحت، وزن کم کرنے اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے۔

WhatsApp
Get Alert