کوئٹہ میں فائرنگ کا واقعہ: وزیر داخلہ بلوچستان کی مینگل ہاؤس آمد، شہداء کے لواحقین سے تعزیت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مینگل ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میر جمیل مینگل سے ملاقات کی اور سریاب روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے ہارون جان مینگل، نصیب اللہ مینگل اور عبدالغفار مینگل کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر قبائلی معززین اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے گی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایت ہے کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مظلوم کے ساتھ اور ظالم کے خلاف کھڑی ہے، جبکہ معصوم بچے کو نشانہ بنانا قبائلی روایات کے بھی منافی ہے۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تحقیقات کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ اس موقع پر میر جمیل مینگل نے وزیر داخلہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومتی تعاون کو سراہا۔

WhatsApp
Get Alert