بلوچستان سے گندم کی غیر مجاز نقل و حمل پر 2 ماہ کی پابندی، دفعہ 144 نافذ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان حکومت نے گندم کی غیر مجاز نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے دو ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی، جبکہ اس سلسلے میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

صوبائی محکمۂ داخلہ کے مطابق مقررہ حد سے زائد گندم ذخیرہ کرنا، چھپانا یا غیر قانونی سٹاک رکھنا قابلِ سزا جرم ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبے میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے، خریداری کے عمل کو بہتر بنانے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

محکمۂ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرحدی راستوں پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کریں تاکہ گندم کی غیر قانونی ترسیل کو روکا جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کو مشتبہ گوداموں کی تلاشی لینے اور ٹرانسپورٹ سے متعلق دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

مزید برآں، محکمۂ داخلہ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی گندم ضبط کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا سدباب کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert