ملک میں پولیو وائرس کے دو نئے کیس سامنے آ گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان میں پولیو وائرس کے مزید دو نئے کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 3 تک پہنچ گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق دونوں نئے کیسز صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں، بنوں کی یونین کونسل جانی خیل اور شمالی وزیرستان کی یونین کونسل غریوم سے پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونین کونسل جانی خیل اور غریوم کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جو پولیو ٹیموں کے لیے ‘ناقابلِ رسائی’ قرار دیے گئے ہیں۔
ان علاقوں میں سیکیورٹی وجوہات اور امن و امان کی نازک صورتحال کے باعث باقاعدگی سے پولیو مہم نہیں چلائی جا سکی، جس کی وجہ سے بچے اس موذی وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔
