پی ٹی آئی کے 20اراکین قومی اسمبلی ناراض؟
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے کم از کم 20 ممبران قومی اسمبلی ایسے ہیں جو حکومت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے۔ حکومت سے نا خوش ایم این ایز کہتے ہیں کہ ہم دباؤ برداشت نہیں کر سکتے، ہم ٹیلی فون کالز کی مار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمران جماعت کے کم از کم 20 اراکین اسمبلی ایسے ہیں جو حکومت سے ناخوش ہیں اور حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔نجی نیوز چینل میں ندیم ملک کے ساتھ گفتگو میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سے ناخوش تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کہتے ہیں وہ حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے البتہ وہ دباؤ بھی برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نا خوش ایم این ایز کہتے ہیں کہ ہم بس فون کالز کی مار ہیں۔اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس دن یہ نظام آئین کے مطابق چلنے لگے گا اس دن کے بعد یہ حکومت ایک دن بھی ٹک نہیں پائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا راستہ آئینی ہے، ہم غیر آئینی طریقے سے حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتے ہیں۔ پروگرام میں اینکر پرسن ندیم ملک نے سوال کیا کہ کیا آپ کے پنڈی کے ساتھ تعلقات میں کچھ بہتری آئی ہے؟ جس پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ان کے ساتھ تعلقات نہ خراب ہیں نہ ان میں کوئی بہتری کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو، اس پر اگر ہم سمجھوتہ کر گئے تو معاملات آگے نہیں چل سکیں گے۔ آئندہ الیکشن میں پارٹی کے وزیر اعظم سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں اپنے دعوے پر قائم ہوں کہ مسلم لیگ ن کے آئندہ وزیر اعظم شہباز شریف ہی ہوں گے۔