بلوچستان حادثات و واقعات : 7 افراد جاں بحق، پولیس اہلکار، خاتون اور بچے سمیت متعدد افراد زخمی

کوئٹہ/پسنی/خضدار/ڈیرہ مراد جمالی/بارکھان/مانجھی پور(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، لاشوں کی برآمدگی، دھماکے، ٹریفک حادثے، آتشزدگی، ہوائی فائرنگ اور پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے واقعات میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار، خاتون اور بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، پے در پے واقعات کے بعد مختلف علاقوں میں خوف و ہراس اور تشویش کی لہر پھیل گئی جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد کو قریب سے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور لاشوں پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا۔ مقتولین کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
خضدار کی تحصیل نال سے بھی ایک شخص کی سربریدہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاش عبدالخالق ولد محمد حسین ساکن جرول مکہ مکرمہ سعودی عرب کی بتائی گئی، جسے تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق لاش چار روز پرانی ہے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
بارکھان کے علاقے نہر کوٹ میں مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں علی محمد نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد واردات کے بعد فرار ہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ہسپتال منتقل کی، ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیرہ مراد جمالی کے قریب بیر چوکی پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ انچارج اے ایس آئی محمد بخش جمالی زخمی ہوگئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، زخمی پولیس اہلکار کو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
جعفرآباد پولیس تھانہ حفیظ آباد جمالی کی حدود گوٹھ گہنور خان جمالی ڈپ محبت شاخ کے قریب سڑک کنارے کریکر دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے قبل وہاں سے ایک قبائلی شخصیت کا گزر ہوا تھا، دھماکے سے سڑک میں دراڑ پڑ گئی۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید تحقیقات شروع کردی گئیں۔
بولان کے علاقے مچھ کے قریب قومی شاہراہ پر شمشیر ہوٹل کے مقام پر موٹر سائیکل اور تیز رفتار ڈاٹسن میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار صادق علی ولد عبدالحکیم موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کی، ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ مچھ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی کے قریب صدر پولیس تھانے کی حدود کوٹ مینگل میں نوجوان زاہد حسین ولد غلام حیدر بھٹی نے خودکشی کی کوشش کی، جسے تشویشناک حالت میں ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کیا گیا، بعد ازاں ابتدائی طبی امداد کے بعد لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔ پولیس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نوتال پولیس تھانے کی حدود گوٹھ غلام حسین بگٹی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے ایک پانچ سالہ بچہ شاہ دوست ولد دلمراد بگٹی، ایک خاتون تاجل بی بی زوجہ مورزادہ اور ایک شخص امیر خان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا جبکہ نوتال پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب نصیرآباد اور صحبت پور میں آتشزدگی کے واقعات میں ایک معصوم بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ چار بکریوں سمیت چھ گھرانے جل کر خاکستر ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد پولیس تھانہ منگولی کی حدود گوٹھ حاجی منگھدہا خان عمرانی مانجھوٹی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چار گھروں کو لپیٹ میں لے لیا، گھروں میں موجود نقدی، زیورات، اناج اور لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ ہوگیا جبکہ چار بکریاں بھی جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع پر میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی سے فائر بریگیڈ طلب کرکے آگ پر قابو پایا گیا اور مزید گھروں کو بچا لیا گیا۔
مانجھی پور کے علاقے تحصیل سید محمد کنرانی کے گوٹھ غلام محمد خان میں یار محمد کنرانی کے گھر کو اچانک آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے پورا گھر جل کر راکھ بن گیا جبکہ تین سالہ معصوم بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق فائر بریگیڈ گاڑی بھی موقع پر نہ پہنچ سکی، عوام نے متاثرین کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
صحبت پور کے قریب گوٹھ سعید کنرانی میں بھی غلام محمد کنرانی اور یار محمد کنرانی کے گھروں کو آگ لگنے سے گھریلو سامان، اناج، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا جل کر راکھ ہوگئیں، متاثرین کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ متاثرین نے حکومت اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ ان کی فوری مالی امداد کی جائے کیونکہ ان کے پاس کھانے پینے اور پہننے کے لیے بھی کچھ باقی نہیں رہا۔
مختلف واقعات کے بعد شہریوں نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی، متاثرین کی فوری امداد اور حساس علاقوں میں پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
