کوئٹہ ، صحافی مقبول جعفر جناح روڈ سے نامعلوم افراد نے گرفتار كرليا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے حالات پر کھل کر بات کرنے والی توانا اور تنقیدی آواز،صحافی مقبول جعفر کو گزشتہ رات کوئٹہ سے مبینہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات جناح روڈ پر واقع ‘کبیر بلڈنگ’ سے نامعلوم افراد نے صحافی مقبول جعفر کو حراست میں لیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعے کے بعد مختلف ذرائع کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آ رہا ہے کہ مقبول جعفر اس وقت این سی سی آئی (NCCI) کی تحویل میں ہیں، تاہم سرکاری سطح پر یا متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال ان کی گرفتاری کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
صحافی کی اس طرح اچانک گرفتاری پر مقامی صحافتی برادری اور سماجی حلقوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ مقبول جعفر کو بلوچستان کے ان چند صحافیوں میں شمار کیا جاتا ہے جو صوبے کے مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر بے باک اور تنقیدی رائے رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ مقبول جعفر کی گرفتاری کا یہ واقعہ نیا نہیں ہے۔ اس سے قبل رمضان المبارک میں بھی انہیں اسی طرح مبینہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اس وقت حکام کی جانب سے انہیں چند گھنٹوں کی حراست کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔
متعلقہ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبول جعفر کی گرفتاری کی باقاعدہ وجوہات اور ان پر لگائے گئے ممکنہ الزامات کے حوالے سے فوری طور پر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
