ہمارے سپوتوں نے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے، وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔
معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر تقریب منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر، سربراہ پاک فضائیہ و سربراہ بحریہ سمیت اعلیٰ عسکری اور سول قیادت ، بیرون ممالک کے سفیروں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا مقام بلند ہوا، معرکہ حق کو فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حمایت کرنے پر سعودیہ، چین اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، معرکہ حق میں اللہ نے پاکستان کو عظیم مقام عطا فرمایا، ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے ذکر کے بغیر معرکہ حق کا تذکرہ نامکمل ہے، پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کی فضائی برتری کا پول کھول دیا، نیول چیف اور ان کے ساتھ بحریہ کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی، بھارت آج تک پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت نہ دے سکا، شہیدوں کے خون کو سلام پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لیے حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ ہوتی تو اس کا انجام بہت بھیانک ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، فتںہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ختم کرکے دم لیں گے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ابھی ابھی آگاہ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو موصول ہوگیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert