پاکستان کا ہرانچ محفوظ ہے؛ سرحد پار دراندازی کسی قیمت پر برداشت نہیں، کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تقدس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ ملکی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری اب نئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ دیانتداری اور جرات کے ساتھ پیشہ ورانہ چیلنجز کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت فخر کا باعث ہے۔ افواج پاکستان نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔
جنرل سید عامر رضا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں اور اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہییں۔ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔
