یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد مستونگ کے قریب لاپتہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد گزشتہ روز مستونگ کے قریب لاپتہ ہوئے ہیں، دونوں گوادر سے کوئٹہ سفر کر رہے تھے کہ مستونگ کے قریب ان کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کے موبائل فونز بند ہیں جبکہ سیکیورٹی ادارے ٹریسنگ میں مصروف ہیں۔ بابر یوسفزئی کے مطابق سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر بازیابی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور دونوں شخصیات کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
