اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مٹر کو ہری سبزی ہونے کے سبب پاور فوڈ کہا جاتا ہے ،اس کے استعمال کے صحت پر فوائد اور نقصانات دونوں ہیں جسے جاننا بہت ضروری ہے . مٹر میں پروٹین 23 فیصد، کاربوہائیڈریٹس 50فیصد جبکہ وٹامن بی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے، اس میں سَلفر اور فاسفورس بھی دیگر اجزاء کی نسبت زیادہ مقدار میں موجود ہوتا ہے ،مٹر میں آئرن، فائبر، پروٹین، وٹامن اے، ایچ، بی، ای اور سی بھی پایا جاتا ہے .
غذائی ماہرین کے مطابق مٹر میں کئی غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ انسانی صحت اور تندرستی کے لئے بے حد ضروری ہیں، مٹر کی تاثیر گرم ہوتی ہے جبکہ یہ جسم کو غذائیت پہنچا کر پٹھوں اور اعصاب کو مضبوط بناتا ہے .
اس کے علاوہ مٹر ہر عمر کے فرد کے لئے مفید سبزی ہے مگر اسے وزن میں کمی لانے کے خواہشمند افراد کے لئے مفید قرار نہیں دیا جاتا . واضح رہے کہ مٹر میں غذائیت اور کیلوریز کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے، اگر کوئی شخص ڈائیٹ پلان کے تحت سبزیوں پر مبنی سالاد کھا رہا ہے تو ایسی صورت میں مٹر کا استعمال کرنا مطلوبہ وزن میں کمی کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے .