بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، شہباز شریف

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)2026کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل ایکشن پلان اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوانوں کی فلاح سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، گورننس، ڈیجیٹائزیشن اور کیش لیس اکانومی سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے معدنیات کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی راہداری قائم کی جائے گی۔ اس راہداری میں اضافی ایف سی ونگز، شاہراہوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹس، سرویلنس گرڈ اور سرحدی نگرانی کے جدید نظام شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل خصوصاً معدنیات سے مالامال ملک ہے، اس لیے بلوچستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے۔نیشنل ایکشن پلان اجلاس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے اقدامات کی تعریف کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے اسکلز پروگرامز، تعلیمی منصوبے، ڈیجیٹل ٹریننگ، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں صحت کے شعبے میں کینسر انسٹیٹیوٹ، ڈائلیسس اور ٹراما سینٹرز جیسے منصوبے فعال کیے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق نومبر 2024 سے بلوچستان میں پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ صوبے کے 99 فیصد اسکول اس وقت فعال ہیں۔ شمسی توانائی کے منصوبے سے 15 ہزار سے زائد گھروں کو فائدہ پہنچا ہے اور اربوں روپے کی بچت بھی رپورٹ کی گئی ہے۔اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
