وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جنید اکبر و دیگر کی گلگت میں گرفتاری پر سخت ردعمل، بڑا اعلان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان اور دیگر پارلیمنٹرینز کی گلگت بلتستان میں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خود گلگت جانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر ہمارے پارلیمنٹیرینز کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو گلگت بلتستان کی کٹھ پتلی حکومت اور وہاں جعلی حکومت بنانے کے لیے سرگرم عناصر سے اپنے پارلیمینٹیرینز کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں سوال کرنے کے لیے خود گلگت بلتستان جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے رویے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ان اقدامات سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ اس قسم کے طرز عمل سے تقسیم پیدا ہو رہی ہے، جن کا کام عوامی مینڈیٹ کی حفاظت ہے، وہی ہمیشہ پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ نہ دینے، زور زبردستی، ظلم و جبر کے ذریعے بانی چیئرمین عمران خان کی پارٹی کو مائنس کرنے کی کوششوں سے جمہوری نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ان کی کال کا جواب نہیں دے رہے، جو ایک غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کو نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے، گلگت بلتستان غیرت مند لوگوں کا علاقہ ہے اور وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں، گلگت بلتستان کے عوام اپنے مہمانوں کی اس بے عزتی کا بدلہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے لیں گے۔

WhatsApp
Get Alert