زین لوٹی میں گیسٹرو کی وبا، ایک ہی خاندان کے 9 افراد متاثر، طبی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ


ڈیرہ بگٹی (قدرت روزنامہ) ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں گیسٹرو کی وبا پھوٹنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 9 افراد اچانک شدید بیمار ہو گئے، جنہیں دست اور الٹیوں کی شکایات لاحق تھیں۔
متاثرہ افراد کو فوری طور پر ویلفیئر ہسپتال سوئی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بروقت علاج اور بہتر نگہداشت کے باعث تمام مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر اور تسلی بخش ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈیرہ بگٹی ڈاکٹر اعظم جان بگٹی نے کہا ہے کہ علاقے میں شدید گرمی اور ممکنہ طور پر آلودہ پانی کے استعمال کے باعث گیسٹرو کے مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ موجود ہے، جس کے پیشِ نظر محکمہ صحت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے آج رات ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک خصوصی میڈیکل ٹیم زین کوہ روانہ کی جائے گی، جو دو ہفتوں تک علاقے میں قیام کر کے مقامی آبادی کو چوبیس گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرے گی۔
یہ ٹیم گیسٹرو اور دیگر موسمی بیماریوں کے مفت علاج کے ساتھ ساتھ عوام میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرے گی۔
محکمہ صحت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ موسم میں صرف صاف اور ابلا ہوا پانی استعمال کریں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert