کوئی فاروڈ بلاک نہیں، اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی: شفیع جان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ اگر فاروڈ بلاک بنے گا تولوگ سامنے آئیں گے، اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھاکہ سہیل آفریدی کو تمام ایم پی ایز کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو نامزد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 27 میں سے کوئی2 کےنام بتادیں جو نام لیں گے وہ خود تردید کریں گے، جو بھی بانی پی ٹی آئی کی لائن سے یہاں وہاں ہوگا اپنی سیاست ختم کردے گا، محمود خان اور پرویز خٹک اس کی مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ کے پی کو تمام ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے، ہماری پارلیمانی میٹنگ شروع ہوگئی ہے،تمام ترقیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی، اگر فاروڈ بلاک بنے گا تولوگ سامنے آئیں گے، کوئی 20 تو کوئی 50 ایم پی ایز کی بات کر رہا ہے، کسی کے پاس ایک نام نہیں، اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔
شفیع جان کا کہنا تھاکہ جس نے بھی ووٹ لیا ہے بانی پی ٹی آئی کا ووٹ لیکر آیا ہے، ایک بھی ذاتی ووٹ نہیں، کسی کو اپنے اوپر اعتبار ہے تو آزاد الیکشن لڑے، 200 ووٹ نہیں ملیں گے، بات واضح ہے کوئی فاروڈ بلاک نہیں، سہیل آفریدی کی قیادت میں سب ایک ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے 20 سے زیادہ ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ناخوش ہیں، تحفظات اور حکمت عملی طے کرنے کیلئے ناراض ارکان کا جلد اجلاس بلائے جانےکا امکان ہے۔
وہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی جماعت کے ناراض ایم پی ایز کو منانے کیلئے متحرک ہوگئے۔

WhatsApp
Get Alert