کوئٹہ تیزاب گردی کیس: لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر غیر معمولی حوصلے کے ساتھ صحت یابی کی جانب گامزن ہیں، حکومت ہر مرحلے پر ساتھ ہے: میر سرفراز بگٹی


کراچی (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں متاثر ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ صحت یابی کی جانب بڑھ رہی ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان ان کے علاج، بحالی اور مستقبل کی تمام طبی ضروریات کی مکمل ذمہ داری اٹھائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے آغا خان اسپتال کراچی میں زیر علاج لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور معالجین سے ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے والد اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر سے تفصیلی بات چیت کی ہے اور ان کے حوصلے نے انہیں متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “جس طریقے سے انہوں نے مجھ سے بات کی اور جس عزم کے ساتھ وہ اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کر رہی ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔ ڈاکٹرز نے بھی ہمیں تسلی دی ہے کہ ان کی حالت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور ان شاء اللہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گی۔”
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ آغا خان اسپتال کے طبی ماہرین کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بروقت پیپلز ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیے جانے سے ایک بڑے طبی نقصان سے بچایا گیا۔ ماہرین نے کہا کہ تیزاب متاثرہ مریضوں کے علاج میں وقت انتہائی اہم ہوتا ہے، اور فوری طبی مداخلت سے کسی بڑے عضو کو ناقابلِ تلافی نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز ہی ایسے ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا تھا اور آج اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر طبی ماہرین کی رائے میں مستقبل میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بیرونِ ملک علاج کی ضرورت پیش آئی تو حکومت بلوچستان ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ “دنیا کے کسی بھی کونے میں اگر علاج کی ضرورت پڑی تو حکومت بلوچستان تمام اخراجات برداشت کرے گی، پلاسٹک سرجری، بحالی اور دیگر تمام مراحل میں حکومت مکمل ساتھ دے گی۔”
وزیراعلیٰ نے حکومت سندھ اور بالخصوص محترمہ فریال تالپر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی دیکھ بھال میں خصوصی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے نامزد خاتون رکن اسمبلی مسلسل اسپتال آ کر مریضہ کی عیادت اور معاونت کر رہی ہیں جس پر بلوچستان کے عوام شکر گزار ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، تاہم حکومت اس واقعے سے حاصل ہونے والے اسباق کی روشنی میں خواتین کے تحفظ اور محفوظ ورکنگ ماحول کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر بیٹی کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، جبکہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مکمل صحت یابی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert