سمندری وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پائیدار ترقی اسی سے ممکن ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر نے کہا ہے کہ سمندری وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ سمندروں کے تحفظ کے بغیر پائیدار ترقی، ماحولیاتی توازن اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کا تصور ممکن نہیں۔
سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان تقریباً 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کا حامل صوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان کی جغرافیائی اہمیت میں اضافہ کرتی ہے بلکہ ملکی معیشت، بین الاقوامی تجارت اور سمندری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقے بلیو اکانومی، ماہی گیری، ساحلی سیاحت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتے ہیں جن سے مؤثر استفادہ کر کے معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کے سمندر بھی ماحولیاتی آلودگی، پلاسٹک ویسٹ، غیر قانونی شکار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت، اداروں، مقامی آبادیوں اور شہریوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ساحلی ماحول کے تحفظ، سمندری آلودگی کے خاتمے، ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور ساحلی علاقوں کی پائیدار ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سمندروں کا تحفظ دراصل انسانی مستقبل، غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کے تحفظ کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ سمندری وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان ساحلی علاقوں کی ترقی اور ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ساحلی وسائل کو قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert