تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور کی بینائی محفوظ، حالت بہتر ہونے لگی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کوئٹہ میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر ماہ نور کے اہلخانہ نے بتایا ہے کہ متاثرہ خاتون کی بینائی محفوظ ہے اور ان کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو میں ڈاکٹر ماہ نور کے اہلخانہ نے کہا کہ وہ مکمل ہوش میں ہیں اور اہلخانہ سے بات چیت بھی کر رہی ہیں۔
اہلخانہ کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کے جسم پر تیزاب کے باعث ہونے والے زخم سطحی نوعیت کے ہیں جبکہ متاثرہ حصوں سے مردہ جلد ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی گرافٹنگ سے متعلق سرجریز مرحلہ وار کی جا رہی ہیں۔
اہلخانہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور کی بینائی محفوظ ہے اور ان کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں جاری ہے۔
