بلوچستان میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے پہلا جدید ترین اسپتال مکمل، دسمبر میں افتتاح ہوگا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (بی آئی سی وی ڈی) صوبے میں امراضِ قلب کے علاج اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
بلوچستان کے پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ امراضِ قلب اسپتال کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، جو 150 بستروں پر مشتمل ہے۔ اسپتال کا افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منصوبے کی تکمیل اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور کام کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے وزیراعلیٰ کو اسپتال کے منصوبے، جدید طبی سہولیات، انتظامی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 150 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال میں ملک بھر سے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ اسپتال سے منسلک تین سیٹلائٹ مراکز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلعی اسپتالوں میں چیسٹ پین مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے، تاکہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو ابتدائی طبی امداد، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات ان کے اپنے اضلاع میں میسر آسکیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کے لیے اب دیگر شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ بی آئی سی وی ڈی میں جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی سے صوبے کے مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت فراہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بی آئی سی وی ڈی کو ایک مکمل فعال اور جدید طبی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ امراضِ قلب کے مریضوں کو بروقت تشخیص، علاج اور ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع تک امراضِ قلب کی بنیادی طبی سہولیات کی توسیع کے لیے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے، تاکہ شہری اور دور دراز علاقوں کے عوام بھی جدید طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے کی بہتری، جدید اسپتالوں کے قیام اور عوام کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert