’درِ نجات‘ کی بیلا کا عروسی روپ چھا گیا، سحر ہاشمی نے والدہ سے جڑی یاد تازہ کردی

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ سحر ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ مقبول ڈراما سیریل ’درِ نجات‘ میں ان کے کردار بیلا کا عروسی روپ ان کی والدہ کی منگنی کے لباس اور انداز سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی 35ویں قسط میں بیلا کی رخصتی کا جذباتی منظر دکھایا گیا، جس میں انہیں جہیز کے 3 ٹرکوں کے ساتھ سسرال رخصت ہوتے دکھایا گیا۔ اس موقع پر سحر ہاشمی نے روایتی سرخ دوپٹہ، ریشمی قمیض، جامہ وار شلوار اور سونے کے زیورات پہنے، جبکہ ہلکے میک اپ اور ماتھے پر سرخ نقطوں نے ان کے عروسی انداز کو ایک کلاسیکی تاثر دیا۔

اپنے لباس کی خاص بات بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ یہ انداز سو فیصد ان کی والدہ کی منگنی کے روپ سے متاثر تھا۔ قسط نشر ہونے کے بعد سحر ہاشمی کی اداکاری اور عروسی لباس کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی۔ اداکاراؤں امر خان اور جویریہ جاوید نے بھی ان کی پرفارمنس کو سراہا، جبکہ متعدد ناظرین نے بیلا کے جذباتی مناظر کو دل چھو لینے والا قرار دیا۔

معروف مصنفہ عمیرہ احمد کی تحریر اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈراما ’درِ نجات‘ پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈراموں پر پابندی کے باوجود وہاں شائقین وی پی این اور متبادل ذرائع سے یہ ڈراما دیکھ رہے ہیں۔ نئی دہلی میں ڈرامے کی ایک نجی اسکریننگ کے لیے 45 افراد کی گنجائش تھی، تاہم منتظمین کو 700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔بنگلورو میں بھی مداحوں کی جانب سے اسکریننگز کا اہتمام کیا گیا، تاہم احتجاج اور پولیس کی مداخلت کے بعد انہیں منسوخ کرنا پڑا۔ اس کے باوجود بھارتی سوشل میڈیا پر ڈرامے اور اس کے کرداروں کے چرچے جاری ہیں۔

سحر ہاشمی نے 2023 میں ڈراما ’ظلم‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، جس پر انہیں بہترین نئی اداکارہ کا ہم ایوارڈ ملا۔ وہ ’عشق ہوا‘، ’من مست ملنگ‘، ’شیدائی‘ اور ’زنجیریں‘ جیسے ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert