بڑھتی آبادی ایک ٹائم بم، کڑے فیصلے نہ کیے تو بھوکے رہ جائیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے جس پر جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے کڑے فیصلے کیے جائیں گے ورنہ ہم بھوکے کے بھوکے رہ جائیں گے۔
اس بات کا اظہار انہوں نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے سوال و جواب کے سیشن کے دوران کیا۔
وزیر اعظم نے جواباً کہا کہ ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے جس پر ہم نے ڈاکڑ شبانہ زیر نگرانی ٹاسک فورس بنا دی ہے جس میں وزیر صحت بھی شامل جبکہ میں خود اس کو صدارت کر رہا ہوں اور یہ اپیکس باڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد اپیکس کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں معاشی اصلاحات کے لیے کیے جانے والے کڑے فیصلوں کی طرح آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کڑے فیصلے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیرقانونی مائننگ کومکمل بند کردیا گیا ہے، کان کنی، مینوفیکچرنگ و پراسیسنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات ہمارا مشن ہے، حکومت نے مستقبل کیلئے معدنیات کی ویلیوایڈیشن کاباقاعدہ منصوبہ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کےتحت مقررہ مدت میں سمیلٹرز لگانے کی پابندی کرنا ہوگی، معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتے میں وفاق نے28ارب روپے کی سبسڈی دی۔
انہوں نے کہا کہ فیول سبسڈی کی مد میں 50ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، ٹیم ورک اور شراکت داری کےذریعے ہی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں، قومی مکالمہ اورہم آہنگی سے وفاق وصوبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار غیر معمولی کامیابی تھی
اس سے قبل ورکشاپ سے شرکا خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی جبکہ پاکستان خطے میں امن کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ ان کے مطابق مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
ایف بی آر اصلاحات سے ٹیکس چوری روکی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں خصوصاً سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ہے، تاہم ڈھائی سال کے دوران طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات آگے بڑھائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں اصلاحات کے نفاذ کے نتیجے میں ٹیکس چوری اور بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ریکارڈ 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔ وزیراعظم نے اسے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایف بی آر سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو رواں سال 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، تاہم ملک کو جلد از جلد اسے کم از کم 6 فیصد تک پہنچانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر شاید ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، لیکن ملک کو عزت اور وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت کو اپنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جب کہ تین سال قبل یہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں۔
زراعت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع
وزیراعظم نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس کے دوران اس شعبے کے ساتھ وہ سلوک نہیں کیا گیا جس کا یہ مستحق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، جب کہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں اور پانی سمیت بے شمار وسائل سے نوازا ہے، تاہم ترقی کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔
نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں اور بڑا موقع بھی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار فراہم کرنا ہوگا، جب کہ آئندہ چند برس میں نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔
نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر تمام وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کرنا ہوں گے، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ووکیشنل اور اسکل ٹریننگ نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق نوجوان نسل کو تعلیم اور جدید علوم سے آراستہ کرنا پہاڑوں میں موجود معدنی وسائل سے بھی زیادہ قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار کے ذریعے پیٖغام دیا کہ ترقی نئے افکار اور جدید سوچ سے ہوتی ہے اور اس کے لیے محنت، امانت اور دیانت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
