رواں مالی سال فری لانسر نے 760 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا، وزیر خزانہ

کراچی(قدرت روزنامہ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال فری لانسر نے 760 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا، اکتوبر میں 210 ملین ڈالر فری لانسنگ سے حاصل کیے جو 50 فیصد سے زیادہ گروتھ ہے۔
سیلانی ابن آدم آئی ٹی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا کام ایکو سسٹم مہیا کرنا ہے اور بجٹ میں اس سیکٹر کو ریلیف دیا گیا، آئی ایم ایف کے چنگل میں رہ کر بھی ہم نے اس شعبے کو ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کے اکاؤنٹ کے لیے اب اسٹیٹ بینک کی اجازت کی ضرورت نہیں رہی، بینکوں میں فری لانسنگ کی رقوم لانے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔ پاکستان میں ادائیگیوں کا ڈیجیٹل نظام تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ فائیو جی کی اسپیکٹرم کی نیلامی بہت کامیاب رہی اور اس ٹیکنالوجی کو عام کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 60 سے 70 فیصد کم عمر نوجوان ہیں، چینی کمپنی کی معاونت سے نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے اور علی بابا کے ساتھ بھی اس طرز کی شراکت ہو رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکریوں کی نہیں اس طرز کے آئی ٹی پارکس کی ضرورت ہے، کم عمر بچے نے بتایا کہ 20 ہزار ڈالر کما رہا ہے، ان بچوں کو نوکری کی کیا ضرورت یہ تو گھر بیٹھ کر کما رہے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران سائبر اسپیس میں جو کچھ پیش آیا اس کے بعد کوئی ادارہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمارے پاس سپر افرادی قوت موجود ہے۔ مالیاتی اداروں سے بھی بات ہوئی ہے کہ سائبر چیلنجز کو مدنظر رکھا جائے۔

WhatsApp
Get Alert