صوبوں کیلیے ریفرنڈم اور دیگر معاملات پر پنجاب میں نئی سیاسی صف بندی کی تیاریوں کا دعویٰ

مستقبل کیلئے سیاسی گروپ بندی ہورہی ہے جس میں الیکٹیبلز کو بھی جوڑا جارہا ہے، پس پردہ بعض سیاسی گروپوں کو متحد کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں؛ صحافی نعیم اشرف بٹ کی خبر


لاہور(قدرت روزنامہ)صوبوں کے لیے ریفرنڈم، نئی سیاسی گروپ بندیوں اور دیگر اہم امور کے پیش نظر پنجاب میں نئی سیاسی صف بندی کی تیاریوں کا دعویٰ کیا جارہا ہے، جس کے باعث لاہور کے اس وقت سیاسی سرگرمیوں اور ملاقاتوں کا اہم مرکز بننے کی اطلاعات ہیں، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی محسن نقوی اور چوہدری شجاعت حسین سے حالیہ ملاقاتوں سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کے درمیان بڑھتے رابطوں کو اسی سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
صحافی نعیم اشرف بٹ کے مطابق لاہور میں ہونے والی حالیہ ملاقاتیں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں اور مستقبل کے لیے سیاسی گروپ بندی کی جا رہی ہے، جس میں الیکٹیبلز کو بھی جوڑا جا رہا ہے اور اس کا آغاز صوبہ پنجاب سے ہوچکا، ابھی کچھ ملاقاتیں ایسی ہیں جو بظاہر نظر نہیں آ رہیں لیکن آنے والے دنوں میں واضح ہوں گی، اسی گروپ بندی کے توڑ کے لیے حکومتی اتحادیوں کی ملاقاتوں میں تیزی آئی ہے، یہ گروپ بندی صوبوں کے حق میں ہے جب کہ حکومتی اتحاد اس کے خلاف سرگرم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد آنے والے سیاسی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے موجودہ مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہے، اسی سلسلے میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے محسن نقوی کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی، چوہدری شجاعت حسین سے بھی ان کی ملاقات ہوئی، سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔
صحافی نے کہا کہ پس پردہ بعض سیاسی گروپوں کو متحد کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن میں الیکٹیبلز کی شمولیت متوقع ہے، ان گروپوں کی تشکیل کا کام شروع ہو چکا ہے اور ممکن ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے بعض سیاسی رہنما بھی ان کا حصہ بن جائیں، جب کہ پنجاب میں ابتدائی سرگرمیاں اور اہم ملاقاتیں سامنے آ چکی ہیں اور کئی رابطے تاحال منظرِ عام پر نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی صف بندیوں کے پس منظر میں صوبوں کے معاملات، بلدیاتی نظام اور آئینی ترامیم جیسے اہم سیاسی امور شامل ہیں، اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبوں اور کراچی سے متعلق بعض معاملات پر مخالفت کو محض اس جماعت کا انفرادی مؤقف نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اسے حکومتی اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
نعیم اشرف بٹ کا مؤقف ہے کہ ریفرنڈم کا معاملہ بھی حکومتی حلقوں کی جانب سے سامنے آ رہا ہے، جس پر مسلم لیگ ن زیادہ بات کر رہی ہے، پیپلز پارٹی مخالفت کر رہی ہے، تاہم گزشتہ تین چار ماہ کے دوران یہ معاملہ مزید متنازعہ ہوگیا اور اصل توجہ آئینی ترمیم کی جانب ہونی چاہیئے تھی کیونکہ ریفرنڈم پر زور دینے سے معاملے میں مزید تاخیر اور پیچیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ الیکٹیبلز کے نئے گروپوں کی تشکیل حکومتی اتحاد کے لیے چیلنج بن رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ مسلم لیگ ق کے بعض الیکٹیبلز نئے گروپوں کا حصہ بن رہے ہیں اور مزید افراد کی شمولیت کا امکان ہے، جبکہ مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو خدشہ ہے کہ بعض بظاہر اتحادی رہنما انتخابی سیاست میں ق لیگ یا کسی نئے گروپ کی جانب جا سکتے ہیں، اسی لیے انہیں ساتھ رکھنے اور مزید شخصیات کو شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے درمیان حالیہ بیان بازی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی و وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے درمیان معاملات میں بہتری کو بھی انہی سیاسی رابطوں کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے، آنے والے دنوں میں ان صف بندیوں کے خدوخال مزید واضح ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert